ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پرینکا، گہلوت، پائلٹ نے راہل سے ملاقات کی 

پرینکا، گہلوت، پائلٹ نے راہل سے ملاقات کی 

Wed, 29 May 2019 11:14:42    S.O. News Service

نئی دہلی،29/ مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی ہار کی وجہ سے راہل گاندھی کے صدر کے عہدے سے استعفی دینے پر اڑے رہنے اور راجستھان میں پارٹی کی ناکامیوں کو لے کر ریاستی حکومت کے کچھ وزراء کی جانب سے جوابدہی طے کرنے کی کوشش میں پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا، تنظیم کے سیکرٹری جنرل کیسی وینو گوپال، راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت اور نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ نے منگل کو راہل سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق راہل گاندھی سے ان لیڈروں کی ملاقات بنیادی طور پر راجستھان کے تناظر میں تھی جہاں لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کا مکمل طور خاتمہ ہو گیا ہے۔

کانگریس صدر کی رہائش گاہ پر سب سے پہلے پرینکا پہنچیں۔اس کے بعد کے سی وینو گوپال، کانگریس ترجمان رندیپ سرجیوالا اور پائلٹ پہنچے۔کچھ دیر کے بعد سرجیوالا اور پائلٹ وہاں سے چلے گئے۔پھر گہلوت راہل کی رہائش گاہ پر پہنچے۔ذرائع کے مطابق راہل گاندھی سے ملاقات سے پہلے گہلوت نے پرینکا سے الگ ملاقات کی تھی۔غور طلب ہے کہ راہل گاندھی نے 25 مئی کو ہوئی سی ڈبلیو سی کی میٹنگ میں لوک سبھا انتخابات میں راجستھان اور مدھیہ پردیش میں پارٹی کی ناکامی کو لے کر خاص طور پر ناراضگی ظاہر کی تھی۔ذرائع کے مطابق سی ڈبلیو سی کے اجلاس میں راہل گاندھی نے گہلوت، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی کمل ناتھ اور سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم سمیت کچھ بڑے علاقائی لیڈروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان رہنماؤں نے اپنے بیٹوں رشتہ داروں کو ٹکٹ دلانے کے لئے ضد کی اور انہی کو الیکشن جتانے میں لگے رہے اور دوسرے مقامات پر توجہ نہیں دی۔اسی اجلاس میں شکست کی اخلاقی ذمہ داری لیتے ہوئے گاندھی نے استعفیٰ کی پیشکش کی تھی۔ حالانکہ سی ڈبلیو سی نے قرارداد منظور کرکے اسے متفقہ طور پر مسترد کر دیا۔


Share: